کولکاتا،7؍جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)نبی اکرمﷺکے اخلاق ساری امت کے لیے عملی نمونہ ہیں اوردنیاوآخرت کی کامیابی اسے ہی نصیب ہوتی ہے جوآپؐکی سیرت پرپوری طرح عمل پیرا ہو۔ یہ بات معروف عالمِ دین وممبرپارلیمنٹ مولانااسرارالحق قاسمی نے مسلم انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے حاجی محمدمحسن اسکوائرمیں منعقدہ سیرت النبیﷺ و اصلاحِ معاشرہ کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔انھوں نے کہاکہ آپؐایک پاک دامن،عادل،حیادار ،امانت داراور دنیاکے سب سے سچے انسان تھے یہی وجہ تھی کہ کفارِمکہ بھی ہزارمخالفتوں کے باوجودآپؐکوصادق اور امین کہاکرتے تھے،آج ضرورت ہے کہ ہم بھی آپؐ کی سیرتِ طیبہ کے ان روشن پہلوؤں کواپنی زندگیوں کاحصہ بنائیں۔مولانانے کہاکہ اللہ نے جہاں آپﷺکے ذریعے سے نبوت کا خاتمہ فرمادیاوہیں آپؐکے ذریعے سے انسانیت کی بھی تکمیل فرمادی،انسانی تاریخ میں آپ سے زیادہ مکمل اور سیرت و اخلاق کے اعتبار سے اعلیٰ ترین مقام پر فائزانسان دیکھانہیں گیا،اسی وجہ سے قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ نے ہماری رہنمائی کرتے ہوئے فرمایاہے کہ نبیﷺکی زندگی میں تمھارے لیے اسوۂ حسنہ ہے،پس ہمیں ہر قسم کی کامیابی سیرتِ مقدسہ کواپنی زندگی کاحصہ بنانے سے ہی حاصل ہوگی۔مولاناقاسمی نے کہاکہ ہمارے معاشرے کی اصلاح بھی اسی وقت ممکن ہے جب ہمارے اندر قرآن و سنتﷺکے اتباع کاسچاجذبہ پیداہوگا،لہذاہمیں چاہیے کہ اپنی زندگی کارخ شریعتِ پاک کی طرف موڑیں ،اپنے نبیﷺکی سیرت کامطالعہ کریں اوراس کی روشنی ورہنمائی میں نیکی اور صالحیت کے راستے پر چلنے کاعزم کریں،اگرہم ایساکرنے میں کامیاب ہوگئے توان شاء اللہ ہر قسم کی کامیابی ہمارے قدم چومے گی۔قبل ازاں پروگرام کا آغازدارالعلوم اسراریہ ،فقیرپاڑہ(جولہ)سنتوشپورکے معصوم طالب علم محمد عبداللہ کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوااورپروگرام میں مسلم انسٹی ٹیوٹ کے ذمہ داران وکارکنان کے علاوہ دانشوران وعلمائے کرام کی خاصی تعدادشریک رہی۔